ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

تربت(قدرت روزنامہ)رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیرِِاعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔اس دوران ملاقات میں ضلع کیچ کو درپیش مختلف عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں، بجلی کی صورتحال اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدئی، ڈاکٹر نور بلوچ، مشکور انور اور رجب یاسین بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ضلع کیچ میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، صحت کے شعبے کو مزید بہتر بنانے اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیا گیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مشکلات کے ازالے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔
