نیب بلوچستان کا سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ میں انسدادِ بدعنوانی سے متعلق آگاہی لیکچر

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)قومی احتساب بیورو بلوچستان کا گورنمنٹ بوائز سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ میں “نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمےمیں طلباء کے کردار” کے موضوع پر آگاہی لیکچر کا انعقادبدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ، نیب بلوچستان نے گورنمنٹ بوائز سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ میں “نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکے کردار” کے عنوان سے ایک آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا۔
اس لیکچر کا بنیادی مقصد نوجوان طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب بلوچستان خرم شہزاد کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وڑن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباءکے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سکولزعبداللہ اچکزئی اور پرنسپل گورنمنٹ سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ بھی طلباءکے ساتھ موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نیب نے طلباء کو لیکچر دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباءمعاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباءکو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔
اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں اور بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔
اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
مزید براں نیب بلوچستان، ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کے وژن اور مشن پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے اس عفریت کو ختم کرنے کی کوششوں میں سرگرداں ہے۔پروگرام کے دوران پرنسپل گورنمنٹ سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ طارق ڈینیل نے موضوع کے اعتبار سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نیب بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار کےاختتام پر نیب کی جانب سے پرنسپل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
