حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور صوبے کے امن و استحکام کے خلاف سرگرم نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں سکیورٹی اداروں کے عزم، بہادری اور مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور دہشت گرد عناصر صوبے کے روشن مستقبل کو یرغمال نہیں بنا سکتے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، ترقیاتی عمل کے تسلسل اور عوام کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا انہوں نے آپریشنز میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
