بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، بزنس کمیونٹی اور ٹرانسپورٹرز کا سخت ردعمل، مشترکہ کمیٹی تشکیل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان کی بزنس کمیونٹی، ٹرانسپورٹرز، امپورٹ ایکسپورٹ سے وابستہ افراد، مائن اونرز ایسوسی ایشن، انجمن تاجران اور زمینداروں کے نمائندوں نے صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات اور قانونی تجارت و سامان کی نقل و حمل میں درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی کی زیر صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد درپیش مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بزنس کمیونٹی، ٹرانسپورٹرز اور مائن اونرز کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور ان کی حفاظت کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا آپشن استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکا نے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں متعدد مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا ہے جبکہ شاہراہوں پر سیکیورٹی صورتحال انتہائی خراب ہے، جس سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
چیمبر آف کامرس کے رہنماؤں نے کہا کہ معاملے کے حل کے لیے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ہے اور ایک بااختیار کمیٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ شرکا نے کہا کہ اگر شاہراہیں فوری طور پر نہ کھولی گئیں تو آئندہ کا لائحہ عمل سخت ہوگا۔
ٹرانسپورٹرز اور مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں درجنوں گاڑیاں جلائی جا چکی ہیں جبکہ حکومتی سطح پر کوئی مؤثر رابطہ یا معاوضے کا نظام موجود نہیں۔
اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ متاثرہ کاروباری طبقے کے نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت بلوچستان خصوصی فنڈ قائم کرے۔ آخر میں تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو آئندہ اجلاس میں مزید لائحہ عمل طے کرے گی۔
