‘رکن اسمبلی بلال یٰسین پر حملے میں انڈر ورلڈ ڈان ملوث ہے‘
لاہور(قدرت روزنامہ)پولیس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی بلال یٰسین پر مسلح حملے میں لاہور کے انڈر ورلڈ ڈان کے ملوث ہونے کے اہم سراغ مل گئے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ان دنوں دبئی میں رہنے والے اس شخص نے مقامی مجرموں کے ذریعے حملے کا منصوبہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ’بدنام آدمی‘ کو شبہ ہے کہ شہر میں اس کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف لاہور پولیس کی بڑی کارروائی کے پیچھے بلال یٰسین کا ہاتھ تھا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس بات کا پردہ فاش اس وقت ہوا جب پولیس نے ایک مقامی ہتھیار ڈیلر اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جسے وہ پستول دیا گیا تھا جو بعد میں حملے میں استعمال ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس مرکزی ملزم کی حوالگی کا منصوبہ بنا رہی ہے۔رکن قومی اسمبلی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔
واقعے کے عینی شاہد محمد اکرم نے پولیس کو بتایا کہ بلال یٰسین کو زخمی کرنے کے بعد حملہ آور وقوعہ سے جانے کے بعد دوبارہ واپس آئے لیکن گولی پستول کے چیمبر میں پھنس گئی۔انہوں نے کہا کہ جب کچھ مقامی لوگ وہاں جمع ہوئے تو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس کو سڑک پر ایک پستول ملا ہے جسے مشتبہ افراد نے حملے میں استعمال کیا تھا، پولیس نے پستول کو فرانزک تجزیہ کے لیے بھیج دیا۔
علاوہ ازیں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بلال یٰسین کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ سے نجی کمرے میں منتقل کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ میو ہسپتال میں دو کامیاب سرجریوں کے بعد ان کی صحت میں تیزی سے بہتری آئی ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ بلال یٰسین بروقت سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، ڈاکٹروں نے آپریشن کے دوران ان کے جسم سے دو گولیاں نکالی ہیں۔دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلال یٰسین کو فون کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔