بلوچستان ہائیکورٹ نے محمود خان اچکزئی کیخلاف درج مقدمہ معطل کردیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ بلوچستان ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کیخلاف درج مقدمہ معطل کردیا۔ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ چیف جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس گل حسن ترین نے سماعت کی۔ محمود خان اچکزئی کی جانب سے کیس کی پیروی ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ اور ایڈووکیٹ حبیب اللہ ناصر نے کی۔
اشتعال انگیز اور نفرت آمیز تقاریر کے الزام میں چمن پولیس تھانے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کیخلاف درج ایف آئی آر کو عدالت عالیہ نے معطل کر دیا ہے۔ محمود خان اچکزئی کی جانب سے اپنے خلاف درج مقدمے کو چیلنج کرتے ہوئے گزشتہ روز عدالت عالیہ میں پٹیشن دائر کی گئی تھی، جس پر عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ایف آئی آر معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔
ذرائع کے مطابق عدالت کے فیصلے کے بعد مقدمے کی کارروائی عارضی طور پر روک دی گئی ہے اور آئندہ سماعت میں مزید قانونی پہلوو¿ں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر کے وکیل ایڈووکیٹ حبیب اللہ ناصر نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قانونی اور آئینی حق کی فتح قرار دیا ہے۔
