محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ویسٹ میں اہم اجلاس

ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن نے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر حاجی نواز بروہی اور میونسپل کمشنر منگھوپیر آغا خلیق بھی شریک


محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔علی ذوالفقار میمن
عوامی خدمت فراہم کرنے والے ادارے ماہ محرم میں عزاداراں ِ حُسینؑ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ڈپٹی کمشنر ویسٹ
کراچی(قدرت روزنامہ)محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ویسٹ آفس میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذواالفقار میمن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر حاجی نواز بروہی، میونسپل کمشنر منگھوپیر ، میونسپل آفس کے زمہ داران ، مختلف امام بارگاہوں کے علماۓ کرام ، زائرین ، منتظمین ،اور پرمٹ ہولڈرز کے علاوہ پاکستان رینجرز، سندھ پولیس ، ٹریفک پولیس، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر اینڈسیوریج بورڈ، کراچی الیکٹرک کارپوریشن، کے آفیسرز وآفیشیلز ، نے شرکت کی ۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سلسلے میں علاقے کی صفائی ستھرائی، پانی کی بلاتعطل فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات، روشنی کے انتظامات، راستوں کی ہمواری اور سیکیورٹی کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے تمام روٹس کی قبل از وقت صفائی اور سیوریج لائنز کی درستگی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عزاداران حُسین ؑ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
علی ذوالفقار میمن نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کو ہدایت دی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر کچرا اٹھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں جو صفائی کے عمل کو بروقت اور بلا تعطل جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی سال کا پہلا مہینہ مسلمانوں کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تمام علاقوں میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے عوامی خدمت فراہم کرنے والے ادارے ماہ مقدس میں عوام کوبھر پور اپنی خدمات فراہم کریں تاکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی عوام اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی آسانی سے کرسکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں قائم مساجد و امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔K الیکٹرک انتظامیہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حُسین ؑ کی جانب سے نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں اور مجالس کے اوقات میں بجلی کی فراہمی جاری رکھیں تاکہ کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نا آئے،دوران جلوس ٹریفک قوانین کے مطابق عمل درآمد کرانے کے لئے ٹریفک پولیس متبادل روڈ کی آگاہی مہم بھی چلائیں تاکہ ٹریفک جام کے مسائل درپیش نہ آئیں۔
علی ذوالفقار میمن نے کہا کہ محرم الحرام کے احترام اور عوام کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عزادارانِ حُسین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر روشنی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کے تعاون سے جلوسوں اور مجالس کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن نے مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین کو یقین دہانی کرائی کہ اسسٹنٹ کمشنرز / منتخب نمائندے ہر ممکنہ تعاون کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں سے آپ کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert