صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے اہم ملاقات، بلوچستان کی جامعات میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے قیام کی یقین دہانی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان بلوچستان محترمہ مینا مجید بلوچ نے آج اسلام آباد میں چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود، ہنر مندی، روزگار، تعلیم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے متعلق مختلف امور پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے نوجوانوں کی ترقی، فنی تربیت، اسکل ڈویلپمنٹ اور خودمختاری کے لیے جاری پروگراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ اور ترقی کی اصل قوت ہوتے ہیں، لہٰذا ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایسے منصوبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کو بھی اس کے جائز اور متناسب حصے کے مطابق زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوان قومی ترقی کے دھارے میں مزید مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کی جامعات میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے قیام کا منصوبہ زیرِ عمل ہے۔ اس پر محترمہ مینا مجید بلوچ نے بلوچستان کی جامعات کو بھی اس منصوبے میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ رانا مشہود احمد خان نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ امور نوجوانان بلوچستان ان جامعات کی نشاندہی کرے جہاں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کا قیام زیادہ ضروری ہے تاکہ اس حوالے سے عملی پیش رفت کی جاسکے۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس مثبت پیش رفت پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں فنی تربیت اور ہنر مندی کے فروغ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ نیوٹیک (NAVTTC) کے تحت متعدد تربیتی اور اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کو آن لائن منتقل کیے جانے کے باعث دور دراز اور دیہی علاقوں کے نوجوان ان مواقع سے بھرپور استفادہ نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بلوچستان میں ان پروگراموں کو فزیکل بنیادوں پر بھی متعارف کرایا جائے اور محکمہ امورِ نوجوانان بلوچستان کے ذریعے ان کے نفاذ پر غور کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور باصلاحیت نوجوان مستفید ہو سکیں۔ چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس حوالے سے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان فنی مہارتوں اور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، تاہم بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن، تربیت اور پیشہ ورانہ رہنمائی کی کمی کے باعث وہ اپنی صلاحیتوں کا مکمل اظہار نہیں کر پاتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خصوصی اقدامات کرے تاکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار اور ترقی کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے قابل اور ذہین طلبہ کے لیے وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں مختص کوٹہ اور نشستوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ صوبے کے نوجوان جدید ڈیجیٹل سہولیات سے مستفید ہو کر تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں مزید آگے بڑھ سکیں۔ اس موقع پر چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ہر ممکن تعاون اور مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے اختتام پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان کی کارکردگی اور صوبائی مشیر محترمہ مینا مجید بلوچ کی جانب سے نوجوانوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مینا مجید بلوچ صوبے میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، کھیلوں کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، کھیلوں کے مواقع بڑھانے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے محترمہ مینا مجید بلوچ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور کھیلوں کے شعبے کو فعال بنانے کے لیے ان کے وژن اور عزم کو سراہتے ہوئے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
