صوبے میں پیٹرول و ڈیزل کی قلت، متعدد شہروں میں 8 سو روپے فی لیٹر فروخت حکومتی نااہلی کی انتہا ہے، بلوچستان بار کونسل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین ممبر بلوچستان بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پیٹرول ڈیزل کی کمی موجودہ حکومت کی نااہلی اور بد انتظامی کی انتہا قرار دی ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ اس وقت بلوچستان بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی شدید کمی ہے اور کوئٹہ شہر سے باہر دور دراز علاقوں میں پیٹرول 800 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ جس کے باعث رکشہ، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
شہر بھر کے پیٹرول پمپوں پر گھنٹوں انتظار کرنے کے باوجود پیٹرول نہیں مل رہا۔ عوام کا پرسان حال نہیں، بارڈر کی بندش سے کاروباری طبقہ اور عوام شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بے روزگاری اور غربت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان میں کرپشن، لاقانونیت اور لوٹ کھسوٹ عروج پر ہے جس کی موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کوئٹہ شہر سمیت بلوچستان بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کا نوٹس لے اور اس مسئلے کا فوری حل نکالے۔
