پشین میں تحفظِ مدارس و حقوقِ بلوچستان کانفرنس کی کامیابی، جمعیت علماء اسلام کا اظہارِ تشکر


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے پشین میں منعقدہ ’’تحفظِ مدارس و حقوقِ بلوچستان کانفرنس‘‘ کے کامیاب، پُرامن اور شاندار انعقاد پر پارٹی کی تمام صوبائی، ضلعی، تحصیل اور بنیادی تنظیموں کی قیادت، کارکنان اور معاون اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس بلوچستان کی تاریخ کے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک تھی، جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے مدارسِ دینیہ کے تحفظ، آئینی حقوق اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جمعیت علماء اسلام کے مؤقف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
مولانا عبدالواسع نے کانفرنس کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام شعبہ جات، بشمول میڈیا سیل، ڈیجیٹل کوآرڈینیٹرز، جمعیت طلبہ اسلام کے نوجوان کارکنان اور انصار اسلام کے رضا کاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف سی اور ٹریفک پولیس کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کے مثبت کردار کی بدولت لاکھوں افراد پر مشتمل یہ اجتماع پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس نے ثابت کیا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی ایک منظم، پُرامن اور بڑی عوامی و دینی قوت ہے، اور عوامی شرکت نے تنظیمی مؤقف کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
مولانا عبدالواسع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت مدارس کے تحفظ، عوامی حقوق اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert