میں چاہوں گا کہ ہنزہ کراچی جیسا بنے اور پورے پاکستان کی خدمت کرے، مرتضیٰ وہاب


کراچی (قدرت روزنامہ) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ میں چاہوں گا کہ ہنزہ کراچی جیسا بنے اور اس کی طرح پورے پاکستان کی خدمت کرے۔
مرتضیٰ وہاب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہنزہ میں انتخابی مہم کے دوران کہہ رہے تھے کہ ہنزہ لاہور جیسا ہو یا کراچی جیسا ہو، ہنزہ کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ آئندہ پانچ سال میں گلگت بلتستان پنجاب جیسا ہو یا سندھ جیسا۔
میئر کراچی نے کہا کہ سندھ وہ صوبہ ہے جہاں سیلاب جیسی تباہ کاریوں کے دوران سندھ کی قیادت عوام کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے، مشکل حالات میں پنجاب حکومت اور اس کے وزرا نظر آئیں یا نہ آئیں پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلیے 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، ہم گھر سیلاب متاثرین کے حوالے کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر لاہور کا موازنہ کراچی سے کیا جائے تو کراچی ایک غریب پرور شہر ہے، یہ وہ شہر ہے جہاں پاکستان کے مختلف علاقوں سے لوگ آ کر آباد ہوتے ہیں، کراچی غریبوں کی بھی مدد کرتا ہے اور محنت کشوں کا بھی سہارا بنتا ہے، کراچی وہ شہر ہے جو پورے پاکستان کی معیشت کو چلانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ لوگوں کو کھوکھلے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کو ترجیح دینی چاہیے، عوام کو عوام دوست حکمتِ عملی کا انتخاب کرنا چاہیے، اگر تاریخ میں کسی سیاسی جماعت نے عوام دوست پالیسیوں کو عملی طور پر ترجیح دی ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔

WhatsApp
Get Alert