خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملہ: ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت
ہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے سول ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا اور خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ ناقابل برداشت ہے اور ملزم کو ہر صورت قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فوری اور مؤثر کارروائی کی سخت ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ خاتون ڈاکٹر پر حملہ کرنے والے عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور انہیں ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ہر کردار کو بے نقاب کیا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پولیس کے مطابق متعدد ٹیمیں متحرک ہیں اور ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ واقعے کو ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی عمران شوکت نے کہا کہ ہسپتالوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا اور عوام میں خوف پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاتون ڈاکٹر کو انصاف فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری اور ترجیح ہے، اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی آئی جی نے واقعے کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
