خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملہ: مقدمے میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے مقدمے میں مطلوب ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
ایس ایچ او سول لائنز جواد حیدر کے مطابق خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی تھی، اس دوران پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب ملزم ہلاک ہو گیا۔ ایس ایچ او جواد حیدر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملے کے مقدمے میں مطلوب تھا اور پولیس کو اس کی تلاش تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کی ہلاکت کے بعد مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سول ہسپتال کوئٹہ میں دورانِ ڈیوٹی ایک خاتون پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ڈاکٹر شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ واقعے کے بعد ڈاکٹرز تنظیموں، سول سوسائٹی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور مقابلے کی مکمل رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔
