حاجی علی مدد جتک کا سریاب مشرقی میں سڑک منصوبے کا افتتاح، ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اتوار کے روز انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب پی بی-45 سریاب مشرقی بائی پاس کے علاقے معروف ٹاؤن میں اپنے ترقیاتی فنڈز سے تعمیر ہونے والی سڑک کے منصوبے کا افتتاح کیا اور جاری کاموں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں اور علاقے کے مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھی اور سابق نمائندوں کی جانب سے اس مسئلے کو نظر انداز کیا جاتا رہا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی علی مدد جتک کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا آغاز علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
شہریوں کے مطابق نکاسی آب کے مؤثر نظام کی عدم موجودگی کے باعث بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو جاتا تھا، تاہم نئی نالیوں کی تعمیر سے اس مسئلے کے حل میں مدد مل رہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد انہوں نے اپنے حلقے کے مسائل کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پینے کے پانی کے بڑے مسئلے کو کافی حد تک حل کر لیا گیا ہے، جبکہ اب سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے تمام مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
