نصیرآباد میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق، 10 زخمی


ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) نصیرآباد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سٹی تھانے کے قریب حسینی چوک مین بازار میں گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے نصیب اللہ مینگل دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
ادھر ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نوتال تھانے کی حدود ربی گوٹھ عبدالغنی ساسولی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے وحید اللہ ولد گل بہار مینگل شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ زخمی کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا۔
ایک اور واقعے میں کمبڑی پل کے قریب قومی شاہراہ پر تین موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں نصیرآباد کے علاقے چھتر سے تعلق رکھنے والے زین العابدین بھنگر اور مور شاہ جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں عبدالرزاق، ریاض شاہ اور اسد اللہ زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دریں اثنا ڈیرہ مراد جمالی کے قریب منگولی تھانے کی حدود بیر چوکی کے مقام پر پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں مور بی بی، برکت علی بگٹی اور لشکراں احمد بگٹی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں چھتر کے قریب سونواہ کے مقام پر موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث میر ہزار چاکرانی اور گل حسن چاکرانی زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے مختلف واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert