پودینے کے ان بہترین فوائد سے واقف ہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پودینے کا استعمال تو لگ بھگ ہر گھر میں ہوتا ہے جس کی مہک بھی بیشتر افراد کو پسند ہوتی ہے۔مانا جاتا ہے کہ قدیم یونان، روم اور مصر میں بھی پودینے کو بطور دوا استعمال کیا جاتا تھا۔کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ سبز پتے آپ کی صحت پر کیا جادوئی اثرات مرتب کرسکتے ہیں؟
اگر آپ کو معلوم نہیں تو یہ فوائد جان لیں۔

بدہضمی کے لیے مفید
پودینے میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو غذائی نالی کے ٹشوز کو سکون پہنچاتے ہیں۔

کچھ تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا کہ پودینے سے بچوں میں بدہضمی کے مسئلے کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

کچھ تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پودینے سے کیموتھراپی کرانے والے افراد کو درپیش متلی اور قے کے مسائل میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

قبض اور گیس کا علاج
پودینے کے تیل کے کیپسول آئی بی ایس نامی معدے کے عارضے کے اثرات جیسے گیس، معدے میں تکلیف، قبض اور ہیضے میں ریلیف فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

سردرد کا علاج
مینتھول پودینے کا متحرک جز ہے، کچھ تحقیقی رپورٹس میں دریافت ہوا کہ مینتھول سے آدھے سر کے درد کی شدت میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ وہ دیگر علامات جیسے روشنی سے حساسیت، قے اور متلی کی شدت میں بھی کم کرسکتا ہے۔

کچھ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا کہ پودینے کے تیل کے سلوشن کو کنپٹی اور پیشانی پر لگانے سے تناؤ کے باعث ہونے والے سردرد کو دور کیا جاسکتا ہے۔

منہ کے جراثیموں اور سانس کی بو سے نجات
پودینے کا ذائقہ نہ صرف سانسوں کو مہکاتا ہے بلکہ اس کی جراثیم کش خصوصیات سانس کی بو کا باعث بننے والے جراثیموں کا خاتمہ بھی ہوتا ہے۔

ایسا مانا جاتا ہے کہ پودینے سے دانتوں پر جمع ہونے والے بیکٹریا کی بھی روک تھام ہوتی ہے جس سے ان کی سفیدی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

بند ناک کو کھولے
پودینے کی جراثیم کش خصوصیات عام نزلہ زکام یا متاثرہ نتھوں سے لڑنے میں میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

پودینے میں موجود مینتھول سے بھی زکام کے شکار افراد کے لیے سانس لینا آسان ہوتا ہے۔

توانائی بڑھائے
دن میں ذہنی اور جسمانی طور پر زیادہ مستعد رہنا چاہتے ہیں تو پودینے کا تیل مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین اس کی وجہ سے تو مکمل طور پر واقف نہیں مگر خیال کیا جاتا ہے کہ جب پودینے کے تیل کو سونگھا جاتا ہے تو جسم پر طاری ہونے والی سستی میں کمی آتی ہے۔

خواتین کے مخصوص ایام کی تکلیف میں کمی
پودینے میں موجود مینتھول سے کچھ خواتین میں مخصوص ایام کے دوران ہونے والی تکلیف کا دورانیہ گھٹ سکتا ہے۔

غذا میں موجود بیکٹریا سے لڑے
سائنسدانوں نے پودینے کے تیل کو مختلف بیکٹریا جیسے ای کولی اور سالمونیلا کے خلاف آزیاما تو انہوں نے دریافت کیا کہ یہ تیل ان بیکٹریا کو بڑھنے سے روک سکتا ہے۔

کھانے کی اشتہا کم کرے
اس حوالے سے تحقیق تو جاری ہے مگر کچھ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ پودینے کا تیل بھوک کا احساس کم کرسکتا ہے۔ اس سے لوگوں کم کھاتے ہیں اور جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوسکتا ہے۔

موسمی الرجیز کی روک تھام
پودینے میں موجود مرکبات جسم کے موسمی الرجی کے ردعمل میں کمی لاتے ہیں۔

اس سے مخصوص موسموؐ میں ناک میں خراش، چھینکیں، سرخ آنکھوں کا سامنا کم ہوتا ہے۔

توجہ مرکوز کرنے میں مدد فراہم کرے
ایک تحقیق میں دریافت کیا کہ پودینے کے تیل کے کیپسولز کا استعمال لوگوں کو ذہنی طور پر تھکاوٹ کا شکار کیے بغیر مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

پودینے کی تیز مہک سے یادداشت کو بڑھانے اور ذہنی طور پر زیادہ مستعد رہنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

استعمال کیسے کریں
آپ پودینے کے پتے چائے کے ذریعے استعمال کرسکتے ہیں، پودینے کے تیل کے کیپسولز اور سیال کو استعمال کرسکتے ہیں۔

آپ اس کو جلد پر لگا سکتے ہیں یا منہ کے ذریعے کھاسکتے ہیں، مگر ایک وقت میں چند قطروں سے زیادہ استعمال کرنے سے گریز کریں۔