حدیقہ کیانی کا طویل عرصے بعد میوزک ایلبم ریلیز کرنے کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رواں سال اداکاری کا آغاز کرنے والی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے کہا ہے کہ وہ سال 2022 میں طویل عرصے بعد پہلا میوزک ایلبم ریلیز کریں گی، جس کی شاعری انہوں نے اور ان کی والدہ سمیت دیگر افراد نے لکھی ہے۔حدیقہ کیانی نے حال ہی میں جرمن نشریاتی ادارے ’ڈی ڈبلیو اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں گلوکاری اور اداکاری سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ مشکل پشتو زبان میں گلوکاری کرنے میں پیش آئی۔
گلوکارہ نے چینی اور فرانسیسی زبان کو بھی مشکل قرار دیا اور بتایا کہ انہوں نے متعدد زبانوں میں گیت گائے مگر انہیں سب سے زیادہ مشکل زبان پشتو لگی۔
View this post on Instagram
حدیقہ کیانی نے نئے گلوکاروں کی جانب سے پرانے کلاسیکل گانوں کو نئے انداز میں پیش کرنے کے عمل کو سراہا، تاہم کہا کہ اگر نئے گلوکار پرانے گانوں کو ماضی کے مقابلے زیادہ بہتر موسیقی اور انداز میں پیش نہیں کر سکتے تو پھر ان کے عمل کو کلاسیکل گانوں کی موت قرار دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پلے بیگ گلوکاری کا آغاز ’سرگم‘ فلم سے کیا، جس کے بعد انہوں نے خود بھی شاعری لکھی اور بطور گلوکارہ انہوں نے کئی تجربات کیے، صوفیانہ کلاموں سے لے کر پاپ موسیقی تک انہوں نے طبع آزمائی کی۔
گلوکاری و اداکاری میں سے انہوں نے اداکاری کو زیادہ مشکل قرار دیا اور کہا کہ ایکٹنگ کے لیے لچک، سخت محنت، جذبات اور ٹیم ورک کا حوصلہ درکار ہوتا ہے جب کہ گلوکاری کے دوران کوئی بھی شخص تنہا بھی گانا گا سکتا ہے۔
View this post on Instagram
اپنی اداکاری سے متعلق حدیقہ کیانی نے بتایا کہ ’رقیب سے‘ ڈرامے میں ان کا کردار کافی بہادرانہ تھا، اگرچہ ان کا کردار آغاز میں شوہر کا تشدد برداشت کرتا رہا مگر بعد میں بیٹی پر تشدد کی وجہ سے ان کے کردار نے بغاوت کی۔
اسی طرح انہوں نے بتایا کہ ’دوبارہ‘ میں بھی ان کا کردار کافی بولڈ ہے جو کہ معاشرتی روایات کے خلاف ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کا کردار سماجی اور مذہبی طورپر رائج روایات کو تبدیل کرے گا۔حدیقہ کیانی نے کہا کہ ’دوبارہ‘ ڈرامے میں وہ ایک زائد العمر خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ نوجوان لڑکے سے محبت کرتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حدیقہ کیانی نے بتایاکہ وہ سال 2022 میں طویل عرصے بعد اپنا پہلا میوزک ایلبم ’وصل‘ کے نام سے ریلیز کرنے جا رہی ہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے بتایا کہ ’وصل‘ کی شاعری کمرشل نہیں بلکہ وہ مذکورہ ایلبم کو اپنی ذات کے لیے ریلیز کرنے جا رہی ہیں۔گلوکارہ کے مطابق ’وصل‘ کی شاعری ان کی والدہ سمیت انہوں نے بھی لکھی ہے جب کہ کچھ گانے دیگر شاعروں نے بھی لکھے ہیں اور وہ طویل عرصے بعد میوزک کی دنیا میں واپسی کریں گی۔
خیال رہے کہ حدیقہ کیانی کا آخری میوزک ایلبم ’وجد‘ 2017 میں ریلیز ہوا تھا، جس میں صرف 5 گانے شامل تھے اور اب وہ 5 سال بعد آئندہ برس ایلبم ریلیز کریں گی۔سال 2017 سے اب تک اگرچہ حدیقہ کیانی کو سنگل گانے گاتے دیکھا گیا اور انہوں نے بیرون ممالک کے علاوہ پاکستان میں ایوارڈز شو سمیت دیگر تقریبات میں بھی پرفارمنس کی مگر انہوں نے ایلبم ریلیز نہیں کیا۔
View this post on Instagram