وحدت کالونی واقعہ کی تحقیقات کا آغاز، وزیراعلیٰ بلوچستان نے رپورٹ طلب کرلی
کسی بھی ذمہ دار شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان

حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے، انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے، شاہد رند
وحدت کالونی واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، حکومت بلوچستان
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وحدت کالونی میں آصف علی نامی شخص کی خودکشی اور پانچ افراد کے قتل کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر واقعے کی جامع اور شفاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوفی آصف علی کے ویڈیو بیان کی روشنی میں دو مشتبہ اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی ذمہ دار شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
