بلوچستان کا آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں، سمری وزیراعلیٰ کو ارسال


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) محکمہ خزانہ بلوچستان نے مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی پیشی کے لیے ابتدائی سمری وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی بجٹ 14 یا 19 جون کو بلوچستان اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر خزانہ 19 جون کو آئندہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش کر سکتے ہیں۔ تاہم حتمی تاریخ کا اعلان کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
بجٹ کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے اور مختلف سرکاری محکموں کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل کی تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی بجٹ کا حجم تقریباً 1200 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، جس میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے الگ الگ فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
بجٹ دستاویزات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں کے لیے فنڈنگ کی تجاویز زیر غور ہیں۔
دوسری جانب عوامی اور کاروباری حلقے اس بجٹ کو خاص اہمیت دے رہے ہیں اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس میں صوبے کی ترقی، روزگار کے مواقع اور فلاحی منصوبوں کے لیے مؤثر اقدامات شامل ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert