سوشل ورکرز ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کی وائرل ویڈیو، حاجی ولی نورزئی کا سخت نوٹس،ژوب ڈویژن میں سوشل ویلفیئر آسامیوں کے ٹیسٹ و انٹرویوز منسوخ
غفلت برتنے والی ٹیسٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، حاجی ولی نورزئی حقدار امیدواروں کو شفاف اور منصفانہ ماحول میں روزگار کے مواقع دیں گے، پارلیمانی سیکرٹری

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے لورالائی میں سوشل ورکرز ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق وائرل ویڈیو کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سوشل ورکرز کی آسامیوں کے لیے ہونے والے انٹرویوز منسوخ کردیے۔
پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے متعلقہ حکام سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ژوب ڈویژن لورالائی میں سوشل ویلفیئر کی خالی آسامیوں کے لیے امتحانات کے بعد کے تمام انٹرویوز اور ٹیسٹ فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔
حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ ژوب ڈویژن کی خالی آسامیوں کے امتحانات کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کے انعقاد اور انتظامات پر مامور غفلت برتنے والی ٹیسٹ انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ٹیسٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ حقدار اور اہل امیدواروں کو مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ ماحول میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر میں بھرتیوں کے عمل کو میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔
