اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی اہم ملاقات، قومی و صوبائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں قومی اور صوبائی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور بلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ بھی شریک تھے۔
اس موقع پر وفاق اور بلوچستان کے درمیان مؤثر رابطوں کے فروغ، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط تعاون سے ترقیاتی اہداف کے حصول اور عوامی مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی روایات کے فروغ، باہمی تعاون اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ صوبے کے دیرینہ مسائل کے پائیدار حل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کی ترقی، امن و امان کے قیام، استحکام اور عوامی خدمت کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی پورے پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے وفاقی سطح پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے قومی مفاد، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert