ہمارا گروپ 35 سے 40 اراکین کا ہے، عمران خان کی رہائی واحد مطالبہ ہے،ورنہ بجٹ منظور نہیں ہوگا: ناراض ایم پی اے فضل الہیٰ

پشاور(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے ناراض رکن صوبائی اسمبلی فضل الہیٰ نے اے آر وائے نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارے ناراض اراکین کا گروپ 35 سے 40 ممبران پر مشتمل ہے اور سب ایک پیج پر ہیں کہ عمران خان کی رہائی ہونی چاہیے، قسم کھا کر کہتاہوں کہ ہمارے لیڈران بانی پی ٹی آئی سے مخلص نہیں ہیں ،مطالبہ نہ مانا گیا تو بجٹ منظور نہیں ہوگا۔
فضل الہیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا 35 سے 40 اراکین اسمبلی کا گروپ ہے اور سب ایک پیج پر ہیں، صرف ایک بات ہے کہ عمران خان کی رہائی کروائی جائے، ہمارے لیڈران مجھے نظر نہیں آتا کہ یہ عمران خان کی رہائی میں مخلص ہیں۔مطالبات نہیں مانے تو بجٹ منظور نہیں ہوگا، علیمہ خانم نے بھی کہا کہ بجٹ منظور نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مرکز کا حکم ایسے مانتے ہیں جیسے ان کے ماں باپ ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی وفاق سے خفیہ ملاقاتیں زہر قاتل ہیں، وزیراعلیٰ سے کہاہے کہ پہلے کنونشن بلا کر حلف ہوگا، تاریخ دیں پھر بجٹ میں بیٹھیں گے، مجھ سمیت ان تمام ایم این اے اور ایم پی اے کو عمران خان کے نام پر ووٹ ملا ہے، کے پی حکومت کے اجلاس میں 72 ایم پی ایز کی شرکت کا دعویٰ درست نہیں ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ کے پی حکومت کی کارکردگی کیا ہوگی جس کو بیوروکریسی چاکلیٹ دے کر خوش کر دیتی ہے، ہم نے کہا 10 جون وال ہومیوپیتھک کاسمیٹک احتجاج نہیں چاہیے، قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ ہمارے لیڈران بانی پی ٹی آئی سے مخلص نہیں ہیں، ہمیں ایسی حکومت کی ضرورت نہیں جس میں سیکریٹری وزیر کی بات نہیں مانتا ، ہمیں صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی ضرورت ہے اور اس پر ہمارا گروپ یکجا ہے، پورے پاکستان کا کنونشن بلائیں، اراکین اسمبلی اور سینیٹرز سے حلف لیں۔
