مئیر ڈیرہ کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قتل کا ڈراپ سین ، تیسری بیوی ملوث نکلی

ڈی آئی خان (قدرت روزنامہ) پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مئیر ڈیرہ کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا، قتل کے اس واقعہ میں مقتول کی تیسری بیوی ملوث نکلی۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے عوامی نیشنل پارٹی تحصیل مئیر ڈیرہ کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے، جس میں خاتون سمیت 3افراد شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ نجم الحسنین لیاقت نے اپنے دفتر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کے ضلعی صدر اور تحصیل مئیر ڈیرہ کے امیدوارعمر خطاب شیرانی کو بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل قتل کیا گیا تھا ۔ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے گہری تفتیش کے بعد ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی، جس میں جدید ٹیکنالوجی کا بھی استفادہ حاصل کیا گیا ہے۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ عمر خطاب کو ذاتی دشمنی کی بناء پر قتل کیا گیا، اس میں دہشت گردی کا کوئی عنصر موجود نہیں ہے ۔
نجم الحسنین لیاقت نے بتایا کہ ایک خاتون سمیت تین افراد گرفتار کیا گیا ہے، قتل کے اس واقعہ میں مقتول کی تیسری بیوی ملوث تھی، جس نے آپنے دو ساتھیوں کی مدد سے عمرخطاب شیرانی کو قتل کرایا۔یاد رہے 18 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل تحصیل ڈیرہ کے میئر کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے گھر کی دہلیز پر قتل کردیا تھا۔