نصیرآباد ڈویژن میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 51 ڈگری تک پہنچ گیا، معمولات زندگی مفلوج


ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) نصیرآباد ڈویژن اور اس کے گردونواح میں شدید ہیٹ ویو کے باعث درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس نے انسانی زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔
شدید گرمی اور گرم ہواؤں کے باعث درجنوں افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا۔ بازار، مارکیٹیں، دفاتر اور گلی محلے ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے۔
اطلاعات کے مطابق نصیرآباد، جعفرآباد، اوستہ محمد، صحبت پور، جھل مگسی، کچھی، ڈھاڈر، بھاگ ناڑی، بختیارآباد، لہڑی، ڈیرہ اللہ یار، ڈیرہ مراد جمالی، تمبو، بابکوٹ، خانکوٹ، میرواہ، غفورآباد، لانڈھی شریف، نوتال، فتح پور، چھتر، فلیجی، سکندرآباد، مانجھوٹی، دولت گھاڑی، فریدآباد، چتن پٹی، جیانی، مانجھی پور اور دیگر علاقوں میں شدید گرمی نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی شدید قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق گرمی کی شدت کے باعث سینکڑوں چرند و پرند بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بیشتر لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert