محرم الحرام سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، آئی جی بلوچستان محمد طاہر


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان Mohammad Tahir نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تیار کردہ سیکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایات سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں ویڈیو لنک کے ذریعے صوبے بھر کے پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں محرم الحرام اور دیگر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران شریک تھے۔ آئی جی بلوچستان نے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں، امام بارگاہوں، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
Mohammad Tahir نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں کے روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں، جبکہ مشکوک افراد، غیر قانونی اسلحہ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے۔ افغان مہاجرین اور غیر ملکی افراد کی نقل و حرکت پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
آئی جی بلوچستان نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، اور ہوٹلوں، سراؤں اور رینٹڈ گھروں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں کے راستوں پر واقع دکانیں اور عمارتیں کلیئرنس کے بعد سیل کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے اور اشتعال انگیز مواد پر سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ تمام ضلعی پولیس افسران کو محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert