کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب گردی کا واقعہ قابلِ مذمت، حکومت ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی: حافظ حمداللہ


سنجاوی (قدرت روزنامہ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے دلخراش واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز، شرمناک اور قابلِ نفرت جرم قرار دیا ہے۔
ضلع زیارت کی تحصیل سنجاوی میں مدرسہ عربیہ علی المرتضیٰ کی سالانہ دستارِ فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے پورے معاشرے کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے ایک گھنٹے کے اندر ملزم کی گرفتاری کے باوجود حکومت اس جرم کے پس منظر اور محرکات کے تعین کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ خواتین سمیت تمام شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاتون اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں دینی مدارس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ مدارس اسلام کی تعلیمات، اخلاقی تربیت اور قومی شعور کے فروغ کے اہم مراکز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس نے ہر دور میں دین و ملت کی خدمت اور ملک کی نظریاتی بنیادوں کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ علما کرام اور دینی ادارے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور دینی رہنمائی کا فریضہ بدستور انجام دیتے رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert