عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے، علی مدد جتک


اوستہ محمد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک سے پاکستان پیپلز پارٹی اوستہ محمد کے سابق صدر وزیر احمد عمرانی اور ضلع اوستہ محمد کے سینئر صحافیوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں سینئر صحافی محمد رفیق پندرانی اور فرید احمد قمبرانی شامل تھے، جبکہ اس موقع پر حلقہ انتخاب کے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ملاقات کے دوران علاقے کی سیاسی، سماجی اور ترقیاتی صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حاجی میر علی مدد جتک نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کا حل پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حلقہ انتخاب میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، تعلیمی اداروں کی بہتری، صحت کی سہولیات کی فراہمی، صاف پانی کے منصوبوں اور دیگر بنیادی عوامی اسکیموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
حاجی علی مدد جتک نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی استحکام کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے علاقے کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور فلاحی منصوبوں کے تسلسل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اس موقع پر وفد کے اراکین نے حاجی علی مدد جتک کی عوامی خدمات، سیاسی کردار اور ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی میں علاقے کی ترقی کا سفر مزید تیز ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert