ڈیرہ مراد جمالی اور بولان میں مختلف حادثات و جھگڑے، 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

ڈیرہ مراد جمالی (قدرت روزنامہ) ڈیرہ مراد جمالی اور بولان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں گزشتہ روز پیش آنے والے گاڑی کے حادثے میں قبائلی شخصیت سردار زادہ شاہزیب عمرانی کا گن مین شدید زخمی ہوا تھا، جو بعد ازاں سکھر کے ایک نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
بولان کے علاقے گوکرت میں تیز رفتار موٹرسائیکل بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق ڈیرہ اللہ یار سے بتایا جاتا ہے جو کوئٹہ جا رہے تھے۔ لاشیں ڈھاڈر منتقل کی گئیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
اسی طرح بولان کے علاقے بی بی نانی کے قریب ٹوڈی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں رسول بخش، عبدالفتاح اور گہرام لاشاری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مچھ سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید برآں ڈیرہ مراد جمالی کے علاقوں ربی، نوتال اور منگولی میں مختلف لڑائی جھگڑوں کے دوران چار افراد زخمی ہوئے جنہیں ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا ہے۔
