خواتین کی تعلیم و خدمات قابلِ فخر ہیں، حکومت بلوچستان انہیں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے: گورنر بلوچستان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ابوالحسن نے کہا ہے کہ خواتین بالخصوص ڈاکٹرز معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کو تعلیم اور جائز روزگار سے نہیں روکتا جبکہ حکومت بلوچستان خواتین کو بااختیار اور باوقار بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں منعقدہ “دختران بلوچستان ایوارڈ” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے تقریب سے خطاب میں محکمہ صحت میں خدمات انجام دینے والی خواتین ڈاکٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی جامعات میں طالبات کی کارکردگی طلبہ کے مقابلے میں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کی 11 پبلک سیکٹر جامعات کے چانسلر ہیں اور تعلیمی معیار میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے احتجاج اور بدامنی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لیا گیا ہے جبکہ سیاسی رہنماؤں سے مسلسل رابطے جاری ہیں تاکہ حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو وفاقی حکومت کے تعاون سے ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا۔
انہوں نے ڈاکٹر ماہ نور پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہے اور پولیس نے واقعے کے بعد فوری کارروائی کی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ابوالحسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے ڈاکٹرز بالخصوص خواتین ڈاکٹرز مشکل حالات کے باوجود عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایران اور بلوچستان کے درمیان ثقافتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے پاکستان اور ایران کی ترقی، خوشحالی اور باہمی تعاون کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلے گی۔
