محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے لیے اوستا محمد میں اہم اجلاس


اوستا محمد (قدرت روزنامہ) محرم الحرام کے دوران امن و امان اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس اوستا محمد کے زیر اہتمام ایس پی آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایس پی اوستا محمد نے کی۔
اجلاس میں ڈی ایس پیز، ضلع بھر کے ایس ایچ اوز، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، عمائدین، تاجر برادری کے نمائندوں، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا نقشوں کی مدد سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکیورٹی انتظامات، پولیس نفری کی تعیناتی، ٹریفک مینجمنٹ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی و بھائی چارے کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایس پی اوستا محمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھے جائیں۔
اجلاس کے شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی و بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert