کوئٹہ میں صفائی کی ابتر صورتحال تشویشناک ہے، بلدیاتی اداروں کی بحالی ناگزیر ہے: پشتونخوا میپ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے۔ صفائی کے نام پر چلنے والا منصوبہ بدانتظامی اور مبینہ کرپشن کی نذر ہو چکا ہے جبکہ متعلقہ ذیلی انتظامیہ عوام کو حقائق کے برعکس تصویر دکھانے میں مصروف ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں، گلی محلوں اور رہائشی آبادیوں میں کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں، تاہم صفائی کا کوئی مؤثر نظام نظر نہیں آتا۔ صرف مرکزی اور وی آئی پی شاہراہوں پر فوٹو سیشن اور نمائشی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ عام شہری گندگی، تعفن اور بیماریوں کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ جب تک میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کو مکمل طور پر فعال نہیں کیا جاتا اور بلدیاتی اداروں کو ان کے اختیارات اور ذمہ داریوں کے ساتھ بحال نہیں کیا جاتا، شہر میں صفائی اور شہری سہولیات کی صورتحال مزید خراب ہوتی رہے گی۔ مقامی مسائل کا مؤثر حل صرف وہی عوامی نمائندے پیش کر سکتے ہیں جو اپنے علاقوں اور بنیادی مسائل سے براہِ راست آگاہ ہوں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نجی پروجیکٹس اور عارضی انتظامات عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے قیام میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر موجودہ بحران اور عوامی مشکلات کے ذمہ دار ہیں۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو صرف دو دن قبل ملتوی کرنا کوئٹہ کے لاکھوں عوام کے جمہوری، آئینی اور بنیادی حقوق پر سنگین ضرب ہے۔ اس سے قبل بھی طویل عرصے تک شہر کو بلدیاتی نظام سے محروم رکھا گیا، جس دوران ترقیاتی اور شہری خدمات کے لیے مختص اربوں روپے مبینہ طور پر کرپشن کی نذر ہوتے رہے۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صفائی کے بحران کا فوری نوٹس لیا جائے، شہر سے کچرے کے ڈھیر ہنگامی بنیادوں پر صاف کیے جائیں، صفائی کے نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جائے، اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت تمام بلدیاتی اداروں کو فعال کرکے عوامی نمائندوں کو ان کا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے عوام مزید غفلت، نمائشی اقدامات اور ناکام پالیسیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ شہریوں کو صاف، صحت مند اور باوقار ماحول فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

WhatsApp
Get Alert