تاجر برادری اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر تاجر برادری، چیمبر آف کامرس اور ٹرانسپورٹ برادری کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے ہیں، جس کے بعد تاجر برادری، ٹرانسپورٹ برادری اور چیمبر آف کامرس نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمد شفقات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی قیادت میں مذاکرات کا عمل مکمل ہوا، جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہوا۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کا مقصد عوام کو سہولیات فراہم کرنا، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کاروباری ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر صوبے کی معاشی شہ رگ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ عناصر تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں اور ترقی کا عمل سست پڑ جائے۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی بھی شہری، تاجر یا کاروباری شخص کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے، تاجر برادری اور عوام مل کر ان عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے جو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے خلاف سرگرم ہیں۔
بابر یوسفزئی نے تاجر برادری، چیمبر آف کامرس اور ٹرانسپورٹ برادری کے مثبت تعاون اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہڑتال کے خاتمے سے کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی اور بلوچستان کی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور عوامی مفاد، امن و امان اور معاشی استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert