بہاولپور میں مسافر بسوں میں تصادم، پولیس اہلکاروں سمیت7 افراد جاں بحق، 40 شدید زخمی

بہاولپور(قدرت روزنامہ) بہاولپور میں تیزرفتاری کے باعث دو مسافر بسوں میں تصادم ہوگیا، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت7 افراد جاں بحق اور 40 شدید زخمی ہوگئے، زخمی مسافروں کو بسیں کاٹ کر نکالا گیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاولپور میں خیر پورٹامیوالی کے قریب دو تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔
مسافر بسوں میں افسوسناک حادثہ اڈا اسرانی کے قریب اس وقت پیش آیا جب بہاولنگر سے آنے والی تیز رفتار مسافربس سامنے سے آنے والی دوسری بس سے ٹکرا گئی، حادثے میں موقع پر ہی سات افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں خواتین، بچے اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ حادثے میں چالیس افراد زخمی ہوئے، حادثے کے وقت خواتین اور بچوں کی چیخ وپکار اور قیامت صغریٰ کا منظر تھا، زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال خیرپورٹامیوالی اور بھاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مسافروں کے درمیان حادثہ اس قدر شدید تھا کہ زخمی مسافروں کو بسیں کاٹ کر نکالا گیا۔ حادثے میں جاں بحق مسافروں کی شناخت محمد اشرف، مینگا، پولیس اہلکار شبیرشاہ، بلال، یحییٰ اور فیاض خان کے ناموں سے ہوئی۔ دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے خیر پور ٹامیوالی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کے علاج معالجے کی خود نگرانی کی ہدایت کی اور کمشنر بہاولپور اور آر پی او بہاولپور سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔