کوئٹہ: گھریلو رنجش پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم کی تلاش جاری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے تھانہ قائد آباد کی حدود میں گھریلو رنجش کے باعث فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص اپنے سگے بھائی کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد باسط ولد منظور احمد، قوم شیخ، سکنہ قریشی محلہ فتح خان روڈ، کوئٹہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ گھریلو ناچاقی اور باہمی رنجش کا نتیجہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم نے طیش میں آکر اپنے بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید قانونی اور تفتیشی کارروائی جاری ہے اور جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
