کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بجلی کی اچانک بندش، وسیع علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہو گئی ہے، جس کے باعث کوئٹہ، سبی سمیت متعدد اضلاع اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔
کیسکو حکام کے مطابق سبی واپڈا گریڈ اسٹیشن سے منسلک 220kV کی اہم “اوچ۔سبی۔کوئٹہ” ٹرانسمیشن لائن اچانک ٹرپ کر گئی، جس کے نتیجے میں صوبے کے وسیع حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
کیسکو ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس بریک ڈاؤن کے باعث کوئٹہ، سبی، نصیرآباد، مستونگ، نوشکی، چاغی، پشین، زیارت اور چمن سمیت متعدد اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور ان علاقوں میں ہنگامی طور پر بجلی بند ہے۔
حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کے لیے تکنیکی ٹیمیں فوری طور پر متحرک کر دی گئی ہیں اور متبادل ذرائع استعمال کرتے ہوئے نظام کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
بجلی کی اچانک بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً شدید گرمی کے موسم میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert