پاور ہٹنگ کوچ کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا : شاہد آفریدی
لاہور (قدرت روزنامہ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاور ہٹنگ کوچ کے لیے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میرا آخری پی ایس ایل ہے کوشش ہوگی ٹائٹل جیت کر کیرئیر کا اختتام کروں، کوئٹہ کی کپتانی سرفراز کے سپرد ہے کوشش ہوگی اس کو حوصلہ دوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاور ہٹنگ کوچ کے لیے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے اگر کبھی پیش کش ہوئی تو ضرور بتاؤں گا۔ پی ایس ایل کا ذکر کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز بڑی تعداد میں پی ایس ایل کھیلنے پاکستان آتے ہیں، ندیم عمر کی خواہش پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے کھیلوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز کا پاکستان آنا خوش آئند ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی بڑی ٹیم پاکستان آئے وہ مکمل سٹرینتھ کے ساتھ آئے، ایسا نہ ہو کہ بڑی ٹیمیں اپنی بی ٹیم کو پاکستان بھیج دیں۔
پی ایس ایل 7 میں پی سی بی کو کرونا کے حوالے سے پلان بنانا ہوگا، کیونکہ اگر کسی کو کرونا ہوجائے تو دیگر کھلاڑی کھیلنے کیلیے تیار ہوں جبکہ اسی طرح بورڈ کے پاس بھی پلان بھی تیار ہو۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں قومی مینز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی خالی اسامیوں کے لیے اشتہار جاری کیا تھا، جس میں پاور ہٹنگ اور ہائی پرفارمنس کوچز بھی شامل ہیں۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ تمام فارمیٹ میں قومی ٹیم کی کوچنگ کےلیے ہی کوچ ہونا چاہیے تاہم وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کے لیے مختلف کوچز کے حق میں ہوں گا۔