کھیل

این پونٹ نے محمد حسنین کی باؤلنگ میں سنگین تکنیکی خامی کی نشاندہی کردی

لاہور (قدرت روزنامہ) نامور فاسٹ بولنگ کنسلٹنٹ این پونٹ نے پاکستانی فاسٹ بائولر محمد حسنین کے بولنگ سٹائل میں ایک سنگین تکنیکی مسئلے کی نشاندہی کی ہے۔ 60 سالہ این پونٹ نے ٹویٹس کی ایک سیریز میں رائے دی کہ اس خامی کو صرف تکنیکی بولنگ کوچ ہی درست کر سکتے ہیں۔ محمد حسنین گزشتہ روز بگ بیش لیگ میں اپنی باؤلنگ پرفارمنس کیلئے پورے انٹرنیٹ پر چھائے ہوئے تھے۔
انہوں نے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کیخلاف سڈنی تھنڈر کی طرف سے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں کے ساتھ ایک ڈریم میڈن اوور کروایا۔ تاہم این پونٹ نے محمد حسنین کی خامی پر فکر مند تھے کیونکہ وہ کچھ سنگین انجریز کا شکار ہو سکتے ہیں۔ این پونٹ نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ’’میں نے دو سال پہلے اس کے اگلے پاؤں کے اینگل اور جھکی ہوئی ٹانگ کی طرف اشارہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی اس خامی کو دور نہیں کیا گیا ہے، جب تک کہ ایسے کوچز نہ ہوں جو اس چیز کی شناخت کر سکیں اور اسے درست کر سکیں، گیند بازوں کو چوٹیں لگتی رہیں گی، ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ اس کے پاؤں ’کراس‘ ہو جاتے ہیں اور توازن برقرار رکھنے کیلئے اس کے پاؤں لاشعوری طور پر کور کی جانب لینڈ کرکے اس سیدھ کو دوبارہ ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں‘۔

این پونٹ نے مزید لکھا کہ ’میری پریشانی یہ ہے کہ اس کے کیریئر کے آغاز سے ہی اس خامی کو دور نہیں کیا گیا ہے ، نچلی ریڑھ کی ہڈی، گھٹنے اور ٹخنوں میں جوڑوں پر دباؤ زیادہ ہے، اس طرح کے بہترین ٹیلنٹ کو بچانے اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے لیکن صرف تکنیکی باؤلنگ کوچ ہی ایسا کر سکیں گے۔

ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بائولنگ کرنے کا صحیح طریقہ وہی ہے جیسے آپ دوڑتے ہیں ‘۔

واضح رہے کہ محمد حسنین 2019ء سے پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں، وہ 2019ء میں سری لنکا کی ہوم سیریز کے بعد سے سابق بولنگ کوچ وقار یونس کی سرپرستی میں کھیل رہے تھے۔

متعلقہ خبریں