پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا بڑا تنظیمی فیصلہ، کوئٹہ ضلع کی تمام تنظیمی باڈیز تحلیل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک اہم تنظیمی بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ضلع کوئٹہ کی ضلعی کابینہ، ضلعی کمیٹی، اور چاروں تحصیلوں کی تحصیل کابینہ سمیت تمام علاقائی یونٹس کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیان کے مطابق ضلع کوئٹہ کے تمام ابتدائی یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی روزمرہ کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ضلع کوئٹہ میں تنظیمی و سیاسی امور میں مسلسل رکاوٹوں، پارٹی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں اور متعدد بار تنبیہ کے باوجود بہتری نہ آنے کے باعث کیا گیا۔
پارٹی کے مطابق ان مسائل کے باعث تنظیمی ڈھانچے کی کارکردگی متاثر ہو رہی تھی، جس پر بالآخر صوبائی صدر نے تمام متعلقہ تنظیمی اداروں کو تحلیل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین محمود خان اچکزئی جلد ضلع کوئٹہ کے نئے تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کریں گے۔
کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے پر سوشل میڈیا یا دیگر پلیٹ فارمز پر غیر ضروری تبصروں اور پوسٹوں سے اجتناب کریں، بصورت دیگر پارٹی آئین کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
