جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے حکومت اور نوجوانوں میں فاصلے بڑھ رہے ہیں: گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ میڈیا کے غلط استعمال اور سوشل میڈیا پر منفی مواد کے فروغ سے حکومت اور نوجوانوں کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اکثر منفی اور تخریبی پہلوؤں کو زیادہ اجاگر کیا جاتا ہے، جبکہ پروپیگنڈا اور افواہیں بداعتمادی اور بدظنی کو فروغ دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق جعلی خبروں اور جھوٹے بیانات کا مقابلہ صرف سچی اور تصدیق شدہ معلومات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں “انڈیویجول لینڈ” کے زیر اہتمام میڈیا لٹریسی اور ڈیجیٹل رائٹس سے متعلق تربیتی نشست کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع سے آئے تقریباً 30 میڈیا ایکٹیوسٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ ڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی نے معلومات تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے اور آج ہر موبائل فون ایک نیوز روم کی حیثیت رکھتا ہے، تاہم اس سہولت کے ساتھ صارفین پر بڑی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا لٹریسی کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ لوگ جعلی اور حقیقی خبروں میں فرق کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی خبریں، من گھڑت کہانیاں اور غیر مصدقہ تصاویر چند منٹوں میں معاشرے میں خوف اور بے چینی پھیلا سکتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان “فیکٹ چیکر” کا کردار ادا کریں اور صرف مستند معلومات کو آگے پھیلائیں۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ ڈیجیٹل حقوق میں شہریوں کی پرائیویسی، آزادی اور آن لائن تحفظ شامل ہیں، اور مستقبل کے کمیونٹی لیڈرز کو نہ صرف ان حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا بلکہ نئی نسل میں مثبت اقدار بھی فروغ دینا ہوں گی۔
آخر میں انہوں نے تربیتی پروگرام کے منتظمین اور شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
