جعفرآباد میں غیر قانونی ایرانی سگریٹ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں مال برآمد

جعفرآباد (قدرت روزنامہ) جعفرآباد میں غیر قانونی ایرانی سگریٹ کی خرید و فروخت کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے باقاعدہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس کے دوران ڈیرہ اللہ یار میں اہم کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں روپے مالیت کے سگریٹ برآمد کر کے ضبط کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی خصوصی ہدایت پر تحصیلدار عبدالغنی چاچڑ نے ریونیو عملے اور پولیس کے ہمراہ ڈیرہ اللہ یار کے مختلف تجارتی علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
کارروائی کے دوران عدالت روڈ، کوئٹہ روڈ اور صحبت پور روڈ پر قائم سگریٹ ڈیلرز کی دکانوں کی تلاشی لی گئی، جہاں سے بڑی مقدار میں غیر قانونی ایرانی سگریٹ برآمد ہوئے جنہیں موقع پر ہی قبضے میں لے کر ضبط کر لیا گیا۔
اس موقع پر تحصیلدار عبدالغنی چاچڑ نے کہا کہ ایرانی سگریٹ کی خرید و فروخت قانوناً ممنوع ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے دکانداروں اور ڈیلرز کو سختی سے خبردار کیا کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف سامان ضبط کیا جائے گا بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں غیر قانونی اشیاء کی فروخت کے خاتمے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔
