ٹرک کے خفیہ خانوں سے 18 کروڑ روپے مالیت کی آئس برآمد، ڈرائیور فرار


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان کسٹمز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران ٹرک کے خفیہ خانوں سے 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کر لی۔
کسٹمز حکام کے مطابق کلیکٹر کسٹمز شاہد خان اور ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز رضوان کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر درخشان کسٹمز کے انسپکٹر محمد علی مندوخیل اور ان کی ٹیم نے ایک مشتبہ ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران ٹرک میں مہارت کے ساتھ بنائے گئے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں آئس (کرسٹل میتھ) برآمد ہوئی، جس کی مالیت 18 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خطرناک منشیات ملک کے مختلف بڑے شہروں میں سپلائی کی جانی تھیں۔ کارروائی کے دوران ٹرک کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم کسٹمز اہلکاروں نے ٹرک اور برآمد شدہ منشیات کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
کسٹمز حکام نے منشیات قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر عناصر کی تلاش کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert