اعتراف کرتا ہوں وزیراعظم عمران خان ایماندار آدمی ہیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار آدمی ہیں، اعتراف کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبے میں عمران خان نے جو کیا اسے تسلیم کرتا ہوں، سلیوٹ کرتا ہوں۔تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اپنی جیب سے اس لیے نہیں بھری کیونکہ ان کے ہاتھ دوسروں کی جیب میں ہیں۔
محمد زبیر نے مزید کہا کہ مہنگائی اوپر اور لوگوں کی آمدنی نیچے جا رہی ہے جبکہ بھارت، بنگلہ دیش ،سری لنکا میں پاکستان سے کم مہنگائی ہے۔پاکستان میں مہنگائی کا معاملہ سنگین ہے اس وقت پاکستان میں تعینات بار سے تیسرے نمبر پر ہے۔

جبکہ محمد زبیر نے کہا ہے کہ مریم نواز کی اپیل پر فیصلہ کے بعد نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے پروگرام لائیو ود ندیم ملک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے موجودہ حکومت خوف میں مبتلا ہو جائے۔

اگر نواز شریف کی واپسی سے حکومت میں خوف پیدا ہوتا ہے تو آ جائیں گے، اگر ان کی واپسی کی باتوں سے ان میں خوف آتا ہے تو ہم بات کریں گے۔ محمد زبیر نے کہا کہ کہ مریم نواز کی ایک اپیل عدالت میں زیر سماعت ہے اس کیس میں مریم نواز کو ریلیف ملے گا کیونکہ موجودہ حکومت کو جو طعنے ملتے تھے ماضی میں جس کی بنیاد پر اپوزیشن رہنماؤں کو سزائیں دلواتے تھے وہ ملنا بند ہو گئے ہیں اس لئے مریم نواز کو عدالت سے ریلیف ملے گا کیونکہ ان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔جیسے ہی مریم نواز کو عدالت سے ریلیف ملے گا اس کے بعد ن لیگ نواز شریف کی واپسی کے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی ۔