جمعیت کو سیاسی طور پر دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی، جے یو آئی بلوچستان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عوامی حقوق کے لیے دوٹوک، بے لاگ اور اصولی مؤقف اختیار کرنے کی پاداش میں جمعیت علماء اسلام کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سیاسی طور پر دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل، اختیارات اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد میں جمعیت ہمیشہ صفِ اول میں رہی ہے، تاہم جمہوری عمل کے ساتھ جو کھیل کھیلا جا رہا ہے وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پسِ پردہ قوتیں کن عناصر اور بیانیوں کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اقتدار کی نہیں بلکہ عوامی حقِ نمائندگی، آئینی بالادستی اور قومی مفادات کی سیاست کرتی ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کی سیاسی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جہاں جمعیت کو خدمت کا موقع ملا وہاں ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے نئے دور کا آغاز ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آج صوبہ جن سنگین مسائل اور بحرانی کیفیت سے دوچار ہے، اس کی ذمہ داری قبول کرنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ سیاست میں مداخلت کو دوام بخشنے والے عناصر یہ حقیقت فراموش نہ کریں کہ تاریخ جمہوری مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو کبھی اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میثاقِ جمہوریت کے دعویدار خود جمہوری اقدار کو کمزور اور آئینی ڈھانچے کو متاثر کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ عدلیہ کو انتظامیہ کے تابع بنانے کی کوشش ملک کو دہائیوں پیچھے دھکیلنے کے مترادف ہے۔
مولانا عبدالواسع نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق جمعیت کی نشستوں پر سیاسی مصلحتوں کا اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت صرف گلگت تک محدود نہیں بلکہ بلوچستان بھی اسی سیاسی انجینئرنگ اور مینڈیٹ کی مبینہ چوری کا شکار رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فارم 47 کے ذریعے جمعیت علماء اسلام کی نشستیں چھین کر دیگر جماعتوں کو دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوامی مینڈیٹ پر اس مبینہ ڈاکے کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان تمام سازشوں اور مصنوعی سیاسی بندوبست کو مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کا چپہ چپہ جمعیت کی عوامی خدمت، دیانت دار قیادت اور عملی کارکردگی کا گواہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert