منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز لاہور کی بینکنگ کورٹ میں پیش

لاہور(قدرت روزنامہ) شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی شوگر بزنس کے ذریعے منی لانڈنگ کے مقدمے میں عبوری ضمانتوں کے کیس میں شہباز شریف کے وکیل عدالت پیش نہ ہوئے۔ بنکنگ عدالت نے کارروائی کچھ دیر کے لئے ملتوی کر دی۔

بنکنگ جرائم کورٹ کے جج نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل نیب عدالت میں مصروف ہیں، کچھ دیر تک بنکنگ عدالت پیش ہو جائیں گے۔

دوران سماعت شہباز شریف نے عدالت سے بولنے کی اجازت مانگی اور کہا کہ ان کے خلاف اس چالان مین کچھ نہیں ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ بحث کر ہے ہیں جس پر اپوزیشن لیڈر نے جواب دیا وہ بحث نہیں کر رہے ویسے ہی عدالت کو بتا رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کورٹ ایک ہی بار سب کو سنے گی۔