سیکیورٹی فورسز کی نصیرآباد میں کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، بھاری اسلحہ برآمد


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے حساس اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کے بعد آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں تخریب کاری، بدامنی پھیلانے اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو تاحال جاری ہے۔ حکام کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے اور ممکنہ سہولت کاروں تک پہنچنے کے لیے آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert