یوریا کی غیر قانونی ترسیل کو روک کر دستیابی کو یقینی بنائیں: وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوریا کی غیر قانونی ترسیل کو روک کر اس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں زرعی اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران یوریا کھاد سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یوریا کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے افراد کے خلاف انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تجارتی پیمانے پر زیتون کی کاشت اور جھینگوں کی فارمنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سے برآمدات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، کسان کارڈ کے اجراء سے کسانوں کو مشینری اور زرعی سامان خریدنے میں سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کپاس، گندم اور چاول جیسی بڑی فصلوں میں تحقیق کے لیے پنجاب اور کے پی میں سنٹرز آف ایکسیلینس قائم کیے جائیں، یوریا کی غیر قانونی ترسیل کو روک کر اس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔