کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کے احتجاجی کیمپ پر پولیس کا دھاوا، متعدد قائدین گرفتار ‘ دفعہ 144 کے باعث احتجاج کی اجازت نہیں، ضلعی انتظامیہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان گرینڈ الائنس کے طے شدہ احتجاجی شیڈول کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ میں پرامن احتجاجی کیمپ لگانے کی کوشش کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد قائدین کو احتجاج شروع ہونے سے قبل ہی حراست میں لے کر سول لائن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ اس اچانک پیش رفت کے بعد گرینڈ الائنس کے دیگر رہنماؤں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی مشاورت کی اور بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کر کے احتجاجی پروگرام اور ملازمین کے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی، جس میں ضلعی انتظامیہ نے واضح طور پر بتایا کہ صوبے میں نافذ دفعہ 144 کے پیش نظر کسی بھی قسم کے احتجاجی کیمپ یا عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس موقع پر الائنس کے قائدین نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا احتجاج مکمل طور پر پرامن، آئینی اور جمہوری حق ہے جس کا مقصد صرف اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ الائنس نے عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور مطالبات کی منظوری تک ان کی جدوجہد بدستور جاری رہے گی، تاہم مسائل کے حل کے لیے جمہوری اور آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا تصادم سے گریز کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert