بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر کسٹم چیک پوسٹوں کے خاتمے کا آغاز، تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز میں اطمینان کی لہر
تجارتی سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنے اور مال بردار گاڑیوں کی بروقت ترسیل کے لیے اہم پیش رفت

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری اور مائنز مالکان کے دیرینہ مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر قائم متعدد کسٹم چیک پوسٹوں کے خاتمے اور ان میں کمی کے حوالے سے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اعلیٰ حکام کی جانب سے شاہراہوں پر قائم متعدد چیک پوسٹوں کے خاتمے کا باقاعدہ سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد تجارتی سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنا، تجارتی سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش دیرینہ مشکلات کا مستقل ازالہ کرنا ہے۔ ٹرانسپورٹرز اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شاہراہوں پر متعدد کسٹم چیک پوسٹوں کی موجودگی کے باعث نہ صرف مال بردار گاڑیوں کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا بلکہ سامان کی ترسیل میں تاخیر اور اخراجات میں اضافے کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھیں۔ دوسری جانب مائنز مالکان نے بھی اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معدنیات کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ صوبے کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
