ملزم ارشد علی کا پولنگ اسٹیشن پر حملہ، ویڈیو الیکشن کمیشن میں دکھائی گئی

(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پشاور میں پولنگ اسٹیشن پر حملے کے معاملے کی سماعت کے دوران دکھائی گئی ویڈیو میں ملزم ارشد علی پولنگ اسٹیشن پر حملہ کرتا دکھائی دیا، اس نے بیلٹ پیپرز بھی پھاڑے .

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پشاور میں پولنگ اسٹیشن پر حملے کے معاملے کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی .

مرکزی ملزم ارشد علی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ مرکزی ملزم ارشد علی کی سیشن کورٹ میں سماعت ہے، اس لیے وہ آج حاضر نہیں ہو سکے .

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آئندہ ارشد علی کمیشن کے سامنے حاضر ہوں، جب تک استثنیٰ نہ دیا جائے ان کی پیشی لازمی ہے .

دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال نے واقعے کی رپورٹ پیش کی .

اسپیشل سیکریٹری کی جانب سے پولنگ اسٹیشن پر حملے کی ویڈیو بھی الیکشن کمیشن میں چلائی گئی .

الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ ویڈیو میں ملزم ارشد علی پولنگ اسٹیشن پر حملہ کرتا دکھائی دے رہا ہے، ملزم نے بیلٹ بکس کو کھولا اور بیلٹ پیپرز نکال کر پھاڑ دیے، ارشد علی بیلٹ پیپرز باہر لے گیا اور انہیں پھاڑ دیا، اس کے ساتھی بھی یہی کرتے رہے .

اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال نے بتایا کہ واقعے میں ایف سی بالکل دکھائی نہیں دی .

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پولیس اور ایف سی کی سیکیورٹی تو ویڈیو میں بالکل نظر نہیں آ رہی، پولیس کی اضافی نفری بھی نہیں پہنچی، نادرا کو ویڈیو دے کر لوگوں کی نشاندہی کریں .

الیکشن کمیشن نے معاملے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر، آر او، ڈی آر او، ایس ایس پی آپریشن اور متعلقہ حکام کو طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ تمام متعلقہ حکام کو رپورٹ بھجوا دیں، وہ اگلی تاریخ پر جواب دیں، اگلی سماعت پر آرڈر کریں گے .

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس کی سماعت 11 جنوری تک ملتوی کر دی .

. .

متعلقہ خبریں