تیل کی قیمتیں 3 سے 6 ماہ میں معمول پر آ جائیں گی، مہنگائی میں بھی واضح کمی آئے گی، خوشخبری سامنے آگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے امید ظاہر کی ہے کہ تیل کی عالمی قیمتیں آئندہ تین سے چھ ماہ کے دوران معمول پر آ جائیں گی جس کے نتیجے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران مہنگائی کی شرح مسلسل کم ہو رہی تھی اور یہ 5 سے 6 فیصد کی تسلی بخش سطح تک آ گئی تھی۔ تاہم آخری سہ ماہی میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے حل کے لیے فعال اور متحرک کردار ادا کیا۔ ان کے بقول خطے میں امن کے قیام اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابلِ ذکر رہیں، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ملکی معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2013 سے 2018 کے دوران ترقیاتی بجٹ جی ڈی پی کے تناسب سے 1.6 فیصد سے بڑھ کر 2.6 فیصد تک پہنچ گیا تھا، تاہم 2018 کے بعد ملک کو مسلسل معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض فیصلوں کے باعث معیشت کی ترقی کا سفر متاثر ہوا اور ملک کو اقتصادی چیلنجز درپیش آئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یکم اپریل 2022 کو وزارت خزانہ نے آخری سہ ماہی کے لیے بجٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے اثرات ترقیاتی منصوبوں پر بھی مرتب ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی خالص آمدنی کا تقریباً 74 فیصد حصہ قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے ترقیاتی اخراجات کے لیے مالی گنجائش محدود رہ جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو دفاعی اور ترقیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی وسائل تلاش کرنا پڑتے ہیں۔ دفاعی اور آبی سلامتی کے معاملات پر کسی قسم کی غفلت ممکن نہیں، اسی لیے وفاق اور صوبے مل کر قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی مفاد میں اہم فیصلوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے دفاعی اور آبی سیکیورٹی کے شعبوں میں وفاق کے ساتھ تعاون پر تمام صوبوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
